امریکا کا گڑیا گھر جو اصل گھر سے بھی کئی گنا مہنگا ہے۔
نیویارک: دنیا کے کئی فنکاروں نے مل کر 1974 سے 1987 کے دوران بڑی محنت سے گڑیا گھر (ڈول ہاؤس) بنایا ہے جس پر 85 لاکھ برطانوی پاؤنڈ ( پاکستانی ایک ارب 32 کروڑ روپے) لاگت آئی ہے جب کہ 9 فٹ اونچے اس گھر کا وزن 360 کلوگرام ہے جس میں 29 کمرے بھی بنائے گئے ہیں۔
امریکا میں تیار کیے گئے اس گھر کو ایک شاعر ایلفرڈ ٹینیسن کی نظم ’’لیڈی آف شیلوٹ‘‘ سے متاثر ہوکر تیار کیا گیا ہے جس میں ایک خیالی قلعے ’’اسٹولاٹ‘‘ کاتصور پیش کیا گیا تھا جب کہ اس کے نگراں ایلین ڈیہل تھے جو بالکل اصلی دکھائی دینے والی بہت چھوٹی چیزوں کو بنانے میں مہارت رکھتے ہیں
قلعہ نما گڑیا گھر کو اس وقت موجود جدید ترین ٹیکنالوجی اور بلند معیارات کےتحت بنایا گیا ہے، اس گھر کی ہوش رُبا قیمت کی وجہ اس کی ساخت ہے، اس کی چھت تانبے کی ہے اور دیواریں لکڑی کی ہیں جب کہ بنیادوں میں خاص پتھر ڈالا گیا ہے، اس کے بیرونی حصے تھری ڈی انداز میں دیکھے جاسکتے ہیں اور کچھ دیواریں ہٹا کر لوگوں کا گروہ 360 درجے پر اس کا نظارہ کرسکتا ہے۔
گھر کے اندر اعلیٰ ترین معیارکی 30 ہزار مختلف گھریلو اشیا رکھی گئی ہیں جو بہت چھوٹے ( منی ایچر) انداز میں بنائی گئی ہیں، ان میں سے کئی اشیا، خالص سونے، چاندی اور قیمتی پتھروں سے بنی ہوئی ہیں۔ اس گڑیا گھر کے تمام کمروں کو چھوٹی چھوٹی 10 ہزار اشیا سے سجایا گیا ہے جس میں چھوٹی میز، کرسیاں اور سجاوٹ کی چیزیں شامل ہیں۔
اسی طرح چھوٹی چھوٹی روشنیاں لگائی گئی ہیں،7 منزلہ قلعے میں سیڑھیاں بھی موجود ہیں اور چھت پر ایک چھوٹی دوربین نصب کی گئی ہے، اس کے علاوہ باورچی خانے میں ساری اشیا موجود ہیں اور اسلحہ خانے میں بھی ہر قسم کا اسلحہ رکھا ہے۔
کھانے کے کمرے میں چاندی کے برتن،گھر کی چوتھی منزل پر ہزاروں کتابیں ہیں جن کا ہر ورک محدب عدسے سے پڑھا جاسکتا ہے۔ اسی طرح باتھ روم میں قابلِ استعمال ٹوائلٹ پیپر لگایا گیا ہے جب کہ اس گھر کو فی الحال نیویارک اور مین ہیٹن میں نمائش کےلیے رکھا گیا ہے۔




0 comments:
Post a Comment